نئی دہلی ۔۔۔۔۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آر ایس ایس سربراہ کےموہن بھاگوت کے فوج سے متعلق دیئےگئے بیان پرناراضی ظاہرکرتے ہوئے ٹویٹر کےاکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ آر ایس ایس کے سربراہ کی تقریرسےہر ہندوستانی اور ان کا وقار مجروح ہوا ہےجنہوں نے ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ یہ ہمارے قومی پرچم کی توہین اورفوجی جوانوں کے وقار کے منافی ہے ۔ ہمارے جاں نثاروں اور افواج کی بے عزتی کرنے کے لئے بھاگوت جی آپ کو شرم آنی چاہیے۔واضح رہے کہ بہار کے مظفر پور میں آر ایس ایس کی ایک تقریب میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ اگر ملک کو لڑنے کیلئےضرورت پڑی توآر ایس ایس کے پاس 3 دن کے اندر ’فوج‘ تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے مظفر پور کے ضلع اسکول میدان میں آر ایس ایس کےکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو تیاری کرنے میں 6سے7ماہ لگ جائیں گےلیکن آر ایس ایس کارکن3 دن میں یہ تیاری کر لیں گے۔دوسری جانب ہاردک پٹیل نے آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سنگھ کے صدراب فوج پر انگلی اٹھانے لگے ہیں،فوج کے وقارکو مجروح کرنے اور اسے کمزور بتانے والے موہن بھاگوت پر مقدمہ قائم ہونا چاہئے۔