پی ایس ایل کے پلے آف اور فائنل کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کا ’بیک اپ پلان‘ تیار ہے
دبئی :پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں سے یہ معاہدہ کیا گیا کہ اگر ان کی ٹیم ایونٹ کے پلے آف مقابلوں اور فائنل مقابلے کےلئے کوالیفائی کرتی ہے تو انہیں پاکستان آنا ہوگا۔نجم سیٹھی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پلے آف مقابلوں اور فائنل کے عین موقع پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے میں مسائل ہوسکتے ہیں تاہم اس کےلئے ’بیک اپ پلان‘ تیار کیا گیا ہے تاکہ ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بھی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔جب ان سے پی ایس ایل کو مکمل طور پر پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم قدم بقدم آگے بڑھ رہے ہیں، اس سال 2 میچز لاہور اور ایک کراچی میں منعقد کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیسے جیسے ہمیں سیکیورٹی کے حوالے سے گرین سگنلز ملتے رہیں گے ویسے ویسے پاکستان میں ایونٹ کے میچز کی تعداد کو بڑھایا جائے گا اور اسٹیڈیمز بھی بہتر کر یں گے ۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان شیڈول ہے تاہم کوشش ہے کہ اس برس کرکٹ کی صف اول کی دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان لایا جائے۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے ہوگا اور پہلا مقابلہ گزشتہ ایڈیشن کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطانز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پلے آف مقابلے لاہور میں جبکہ فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل 2017 کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا ۔ جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا جس میں پاکستان نے 1-2سے کامیابی حاصل کی۔ 2017ءمیں سری لنکن ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ لاہور میں کھیلا گیا ، سیریز کے 2میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔ پاکستان میںسیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے پیش نظر کئی بین الاقوامی مقابلے منعقد کرائے گئے ہیں۔