عمران طاہر پر ہندوستانی تماشائی کے نسل پرستانہ حملے
جوہانسبرگ: ہند کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کو ہندوستانی تماشائی کی جانب سے نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد تماشائی کو اسٹیڈیم سے نکال دیا گیا۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میں ایک ہندوستانی تماشائی نے پاکستان نژاد جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر کو نسل پرستانہ جملہ کسا جس پر انہوں نے سیکیورٹی حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا ۔جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہانسبرگ میں ہند کے خلاف چوتھے ون ڈے کے دوران ایک نامعلوم شخص نے عمران طاہر کو نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہوں نے 2سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے مذکورہ شخص کی نشاندہی کی ۔بورڈ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ عمران طاہر نے مذکورہ شخص یا کسی بھی بچے سے کوئی بدتمیزی نہیں کی۔ کرکٹ جنوبی افریقہ اور اسٹیڈیم کی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے کہا کہ ایک شائق پورے میچ کے دوران عمران طاہر پر جملے کستا رہا اور عمران طاہر کے مطابق وہ ایک ہندوستانی تماشائی تھا۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت نسل پرستانہ جملے کسنے والے شائقین کو میدان سے باہر نکال دیا جاتا ہے ۔ اس فرد کو مزید تحقیقات کے نتیجے میں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یہ واقعہ چوتھے ون ڈے میچ کے دوران رونما ہوا اور اس کی ویڈیو بھی بن گئی جو اس وقت سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔واضح رہے عمران طاہر چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور جس وقت انہیں نسل پرستانہ جملوں نشانہ بنایا گیا اس وقت وہ 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں خدمات انجام دے رہے تھے۔