ہند نے جنوبی افریقہ سے پہلی پوزیشن چھین لی، پاکستان چھٹے نمبر پر براجمان
جمعرات 15 فروری 2018 3:00
دبئی: ون ڈے سیریز میں 1-4کی فیصلہ کن برتری اور کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ سے رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھین لی جبکہ افغانستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد ٹاپ 10 ٹیموں میں جگہ بنا لی ۔ ابتدائی 3میچوں میں کامیابی کے بعد کوہلی الیون اعداد وشمار کے نتیجے میں نمبر ون بن چکی تھی تاہم اب آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ میں اسے باضابطہ طور پر نمبر ون ٹیم قرار دے دیا ہے ۔ کوہلی الیون نے 6 میچوں پر مشتمل سیریز کے پانچویں میچ میں جنوبی افریقہ کو73رنز سے شکست دے کر 122 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن بھی سنبھال لی جبکہ جنوبی افریقہ سیریز میں شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر چلا گیا اور اس کے رینکنگ پوائنٹس121 سے کم ہو کر 118ہو گئے ہیں اس سیریز کا آغاز ہندوستانی ٹیم نے119پوائنٹس کے ساتھ کیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان ٹیم 96 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔آئی سی سی ٹیم رینکنگ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی حالیہ سیریز میں زمبابوے کو شکست دے کر ٹاپ10 میں جگہ بنالی ۔بیٹسمینوں میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی ، بولرز میں جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور آل راونڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلی پوزیشنوں پر ہیں۔بابر اعظم بیٹنگ اور حسن علی بولنگ میں بدستور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ محمد حفیظ کو آل راونڈرز میں دوسری پوزیشن حاصل ہے۔