ہریانہ ۔۔۔۔۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کی جانب سے ہریانہ کےپنڈارا گاؤں میں بائک ریلی سے خطاب کیا۔ریلی میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی نے شرکت سے انکار کردیا۔سینی نے کہا کہ اس ریلی سے قبل بی جے پی نے جاٹ رہنماؤں سےجو سمجھوتہ کیاوہ انتہائی نامناسب اور غلط ہے ۔ واضح رہےکہ امیت شاہ نے اس ریلی کا نام’’ یووا ہنکار ریلی ‘‘رکھا۔امیت شاہ ہیلی پیڈ سے اسٹیج تک بائک سے پہنچے۔دوسری جانب جاٹ رہنما یشپال ملک کی جانب سے ریلی کی مخالفت کے اعلان کے بعد ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور بی جے پی کے رہنماؤں نے جاٹ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد یہ سمجھوتہ طے پایا کہ جن جاٹوں کے خلاف مقدمات درج ہیں انہیں واپس لیا جائے گا اور آئندہ اسمبلی اجلاس میں ریزرویشن کے لئےقراردادپیش کرکے جاٹوں کو ریزرویشن دیا جائے گا۔ اب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھوتہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا ایسے تو کوئی بھی کوئی جرم کرے گا اور وہ مظاہرہ اور احتجاج کا دباؤ بنا کر اپنے خلاف کیس واپس کر وا لے گا۔ واضح ہو کہ بی جے پی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں تمام غیر جاٹ برادریوں کے ووٹ حاصل کئے تھے اس لئے اس وقت امیت شاہ کی ریلی کے لئے جاٹوں سے جو سمجھوتہ ہوا ہے اس سے وہ تمام برادریاں ناراض ہو تی نظر آ رہی ہیں ۔ ادھر جاٹ رہنما کھلے عام راج کمار سینی کی مخالفت پر اتر آئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہریانہ میں جاٹ اور غیر جاٹ کے درمیان کشمکش شروع ہوگئی ہے۔