مانسہرہ .. سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم بھاگنے والے نہیں ۔پاکستان میں ہی رہیں گے۔ ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ نواز شریف کی سیاسی زندگی سزاوں سے بھری پڑی ہے۔کبھی کہتے ہیں نوازشریف ملک کے اندر نہیں آسکتا ۔کبھی کہتے ہو باہر نہیں جاسکتا۔ نوازشریف کو بار بار عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ایک تصوراتی تنخواہ نہ لینے پر نوازشریف کو اٹھا باہر کردیا ۔عدالت کی توہین ہوتی ہے تو کیا عوام کے ووٹوں کی توہین نہیں ہوتی ۔ مانسہرہ میں ن لیگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے لودھرں میں نواز شریف کے مخالفین کو سزا ددی اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو عوام کی عدالت سے فیصلہ نہیں آتا۔ جوبھی عمران خان کی زبان استعمال کرے گا تو ا سے جواب بھی ملے گا۔انہوں نے کہاکہ کیا آئین پاکستان میں گالی دینے کی کوئی شق ہے؟ کیا انتقام لینے کی کوئی شق ہے؟ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ گاڈ فادر اور سیسلین مافیا کہہ کر کون سے آئین کی تشریح کی جا رہی ہے۔ درست فیصلے وضاحت طلب نہیں ہوتے۔ نقصان نواز شریف کو نہیں عدل وانصاف کو پہنچا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا مقدمہ عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ۔فیصلہ اب عدالتوں نے نہیں کرنا بلکہ عوام نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کسی عدالت میں غلط فیصلوں پر تنقید کو توہین عدالت نہیں سمجھا جاتا۔جس معاشرے میں تنقید نہیں کرسکتے۔ اس ملک کے نظام کو جمہوری نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جتنا دباو گے، اتنا ہی مضبوط ہونگے۔ لودھراں میں ہارنے کے بعد عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی پرچی کو بے توقیر نہ ہونے دیں۔