نئی دہلی ۔۔۔۔۔ بہار کے سوپول شہر کی جامع مسجد امام قاسم میں مسجد نبوی شریف کے استادِ حدیث شیخ سید حامد بن اکرم البخاری نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کا پیغام آفاقی اور پوری انسانیت کیلئے رحمت ہے۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک و معاشرہ میں امن و امان کا ماحول ، صالح اقدار کا فروغ اور سماج و معاشر کی اصلاح کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں۔بہار، جھارکھنڈ اور نیپال سے آئے 7لاکھ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حامدبن اکرم البخاری نے دہشتگردی کو اسلا م سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کا کسی بھی مذہب سے تعلق نہیں۔ دنیا کا کوئی مذہب بے قصور انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا ۔انہوں نے امریکہ کے اسکول میں پیش آئے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے طلبہ پر فائرنگ کرنے والے کا تعلق کس مذہب سے تھا؟انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے شکار ہندو، مسلمان ، عیسائی اور یہودی سب ہوتے ہیں۔ اس کے مرتکبین کا بھی تعلق تمام مذاہب سے ہوتا ہے۔ اسلام کو ہی دہشت گردی سے جوڑنا بڑی ناانصافی ہے۔ان کوششوں کا علمی و عملی سطح پر مسلمانوں کو جواب دینے کی ضرورت ہے۔