جنوبی افریقہ سے سیریز میں ہند کی 1-5سے فتح، کوہلی کی 35ویں سنچری
سنچورین:ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 6 ون ڈے کی سیریز کے آخری میچ میں سنچری 129رنز ناٹ آوٹ اسکور کر کے نا صرف اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا بلکہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 204رنز اسکور کئے۔ہند نے مقررہ ہدف32.1اوورز میں2وکٹوں پر حاصل کر کے سیریز 1-5 سے اپنے نام کر لی ۔میچ کی خاص بات ویرات کوہلی کی سیریز میں تیسری اور کیریئر کی 35ویں سنچری تھی ۔ ویرات کوہلی شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔انہوںنے سیریز میں 558رنز بنا کر روہت شرما کا 491رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی نے کہا کہ فیلڈ کے باہر جن لوگوں نے اس جیت میں تعاون کیا انھیں اس کا کریڈٹ ملنا چاہئے۔ میری اہلیہ انوشکا شرما ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھاتی رہیں۔ انھیں اس کا کریڈٹ ملنا چاہئے۔ ماضی میں انھیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ، اس دورے پر جب حالات مشکل تھے۔ انھوں نے مجھے مسلسل حوصلہ دیا ۔میں اس کیلئے ان کا شکر گزار ہوں۔ ہندوستانی کوچ اور سابق کپتان روی شاستری نے اس تاریخی جیت کا سارا کریڈٹ کپتان کو دیتے ہوئے کہاکہ یہاں سارا کریڈٹ کپتان کو جاتا ہے کیونکہ ان کے انہماک کی سطح بہت اونچی ہے۔ انھیں دیکھ کر ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں نے بھی اس سطح تک پہنچنے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ کارکردگی کے پیمانے پر آپ آگے بڑھ کر ٹیم کی قیادت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک شاندار تجربہ ہے۔