Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی فوجی مدد پر ہمسایوں سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ساجد میر

لاہور..... امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاک فوج سعودی عرب کو اندرونی سیکیورٹی خطرات میں معاونت کےلئے بھیجی گئی ہے اور پارلیمنٹ کی ماضی کی قرار داد میں بھی واضح کیا گیا تھا کہ پاک فوج بیرونی فورسز سے نہیں لڑےگی صرف ان کی مدد کرےگی۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کی پرانی قرار داد کا حوالہ دینے کا کوئی جواز نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز 106 راوی روڈ لاہور میں آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ پنجاب کے ضلعی ناظمین امرا اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ برے وقت میں سعودی عرب پاکستان کےلئے جس طرح کام آیا ہے ہمیں انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور ان کے احسانات کے مقابلے میں یہ معمولی سی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے فوجی دستوں کی سعودی عرب روانگی کو درست اقدام سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب میں پاک فوج کے دستے سعودی افواج کو ٹریننگ دیں گے ان کی مدد کریں گے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جب سعودی عرب کا یمن اور بحرین کے ساتھ تنازع شروع ہوا تھا اسی وقت ہی پاک فوج بھیج دینا چاہیے تھی۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہمیں سیکولر قوتوں اور ہمسایوں سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ بدقسمتی سے پارلیمنٹ کی قرار داد میں بھی انہی قوتوں کی فکر غالب رہی۔ سعودی عرب کے پاکستان پر مالی سیاسی رفاہی حوالوں سے بے پناہ احسانات ہیں۔ اسی طرح کشمیر کے مسئلہ پر ہمیشہ سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس تزک واحتشام کےساتھ 8، 9 مارچ کو کالا شاہ کاکو میں ہو گی جس میں امام کعبہ خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندانِ توحید شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس استحکام ِ پاکستان اور نفاذ اسلام کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گی۔ سیکولر قوتوں کی سازشوں کا بھر پور جواب دیا جائےگا۔ 

شیئر: