Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”باشا“ کی کتاب اپنے نام سے ریڈیو پر پیش کرنا القرنی کو مہنگا پڑ گیا

ریاض ..... ڈاکٹر عبدالرحمان باشا کے وارثوں نے اپنے والد کی شہرہ آفاق تصنیف ”صور من حیاة الصحابہ“ (صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی زندگی کے نقوش) سعودی ریڈیو سے اپنے نام سے پیش کرنے پر شیخ عائض القرنی کے خلاف مقدمہ جیت لیا۔ القرنی نے مذکورہ کتاب لفظ بہ لفظ اپنے ریڈیائی پروگرام ” ھذا حیاتہم“ (یہ ہے انکی زندگی) میں پیش کردی تھی۔ القرنی پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے باعث 30ہزار ریال جرمانہ عائد کیاگیا ہے اور ریڈیو پر مذکورہ پروگرام دوبارہ نشر نہ کرنے کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مدعا علیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ دار الادب الاسلامی کمپنی کو 120ہزار معاوضہ پیش کرے۔ باشا کے وارثوں کے وکیل عبدالرحمان اللاحم نے یہ اطلاع دیتے ہوئے عاجل او رالعربیہ نیٹ کو بتایا کہ وارثوں نے شیخ القرنی کے خلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے والد کی پوری کتاب ریڈیو پروگرام میں من و عن پیش کردی گئی۔ یہ کاپی رائٹ قانون کے سراسر خلاف ہے۔ وکیل کا کہناہے کہ شیخ القرنی نے پروگرام میں یہ زحمت گوارہ نہیں کی کہ وہ یہ بتاتے کہ اپنے پروگرام کی تیاری میں کس کتاب سے استفادہ کررہے ہیں۔

شیئر: