فریش جوسز قوت مدافعت بڑھانے میں مدد گار
بیماری کی صورت میں جوسز کا استعمال بے حد مفید ثابت ہوتا ہے . یہ قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے نہایت مدد گار ہیں . جوسز کے ذریعے بیماریوں کا علاج جوس تھیراپی کہلاتا ہے . یہ اعضاء کے کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتے ہیں خاص طور پر ایسے اعضاء جو فاضل مادوں کے اخراج کے ذمے دار ہیں مثلاً گردے ، پھیپھڑے ، جگر اور جلد وغیرہ . جوسز کا باقاعدہ استعمال جسم میں میٹابولزم کے عمل کو تیز کر دیتا ہے جس کے نتیجے میں فاضل مادے اور ٹاکسنز زیادہ تیزی سے خارج ہوتے ہیں . بیماری کے دوران یا بیماری کے بعد جلد صحت یابی کے لیے ڈاکٹر پھل ، سبزیاں اور فریش جوس کا باقاعدہ استعمال کا مشورہ دیتے ہیں . معدے میں تیزابیت ہو جانے کی صورت میں انگور ، مسمی اور گاجر کا جوس بے حد مفید ہے . اسی طرح الرجی ہونے کی صورت میں خوبانی ، انگور ، چقندر اور گاجر کا جوس فائدہ مند ثابت ہوتا ہے . اسکے علاوہ چہرے کے داغ دھبے دور کرنے کے لیے بھی پھلوں کے جوس اور سبزیوں کا استعمال بے حد مفید ہے . کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے انگور ، آلوچہ ، ٹماٹر ، کھیرا اور ناشپاتی کا جوس فائدہ مند ثابت ہوتا ہے .