سلویسٹر اسٹالون کی موت کی جھوٹی خبر سے ہلچل
کیلیفورنیا۔۔۔ہالی وڈ کی مقبول فلم ریمبو سے شہرت حاصل کرنے والے ہالی وڈ اداکار سلویسٹر اسٹالون کے موت کی جھوٹ خبر سے ہلچل مچ گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی و برطانوی سوشل میڈیا پر ایسی خبریں گردش کرنے لگیں کہ نامور اداکار سلویسٹر اسٹالون 71 برس کی عمر میں پروسٹیٹ کینسر سے چل بسے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں دعوی کیا گیا تھا کہ سلویسٹر اسٹالون نے بیماری کو خفیہ رکھا، یہاں تک اس کا صحیح طریقے سے علاج تک بھی نہیں کروایا۔خبروں میں دعوی کیا گیا کہ سلویسٹر اسٹالون 19 فروری کی صبح کو چل بسے۔ان کے موت کی خبروں میں زیادہ تر ان کی ایک تصویر کو شیئر کیا گیا، جس میں وہ کافی کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر خبریں پھیلنے کے بعد اداکار کے اہل خانہ پریشان ہوگئے، نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ سلویسٹر اسٹالون کو اپنے زندہ ہونے کی بات بتانے کے لیے ٹوئیٹ کرنی پڑی۔