ریاض .... ابتدائی سماعت کی فوج داری عدالت نے دہشتگردی میں ملوث سعودی شہری کو موت کی سزا سنا دی ۔ عکاظ اخبار کے مطابق مجرم دہشتگردوں کی " تاروت یونٹ " سے منسلک تھا جنہو ںنے تاروت کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ کو تباہ کرنے کے لئے دہشتگرد گروہ کے ارکان کو مخصوص ہینڈ گرینیڈ فراہم کئے اور دہشتگردوں کو ہرممکن امداد دی ۔ عدالتی پینل نے اپنے ابتدائی حکم میں کہا ہے کہ مجرم دہشتگردوں کا فعال ساتھی تھا جو " تاروت یونٹ " سے منسلک تھا ۔ مجرم اور انکے ساتھیوں کا مقصد مملکت میں قائم امن عامہ کے خلاف کام کرنا اور دہشتگردی کی کارروائیاں کرنا تھا ۔ دہشتگردوں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں پر بموں سے حملہ کیا اور دیگر دہشتگردی کی کارروائیاں انجام دیں جن کا بنیادی مقصد مملکت کے امن عامہ کو تہہ و بالا کرکے اغیار کے ایجنڈے پر کام کرنا تھا۔مجرم نے مقتول دہشتگرد ساتھیوں کی بھر پور معاونت کی اور کارروائی سے قبل انہیں علاقے میں انکے قیام ، طعام اور نقل و حمل کی سہولتیں فراہم کی۔