چیف سیکریٹری سے ہاتھا پائی کرنیوالے’’آپ‘‘کے ارکان اسمبلی بھیجے گئے تہاڑ جیل
نئی دہلی۔۔۔۔۔ دہلی کے چیف سیکریٹری انشو پرکاش سے مارپیٹ اور بدسلوکی کے معاملے میں گرفتار کئے گئے حکمراں جماعت (آپ) پارٹی کے ارکانِ اسمبلی امانت اللہ خان اور پرکاش جروال کی درخواست ضمانت تیس ہزاری کورٹ نے مسترد کردی۔اس فیصلے کے بعد دونوں کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا۔دہلی پولیس کے وکیل نے کہا کہ ابھی اس معاملے میں تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں لہذا ملزمان کو ضمانت نہیں دی جانی چاہئے۔دونوں رہنماؤں کو 14دن کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی رہائش کے باہرعام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔ دوسری جانب بی جے پی کے کارکنوں نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا اور حکومت سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے پتلا نذر آتش کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا اور متعدد کو حراست میں لے لیا۔