الافلاج میں سعودی نے ریستوران کھول لیا
الافلاج۔۔۔۔سعودی نوجوان عبدالرحمن الدوسری نے الافلاج میں ریستوران قائم کرکے مقامی نوجوانوں کیلئے مثال قائم کردی۔ الدوسری ریستوران کے کھانے خود تیار کرتا ہے۔ اپنے بھائیوں کو بھی ریستوران کے کاموں میں شریک کئے ہوئے ہے۔ الدوسری نے بتایا کہ شروع میں اسے یہ مشکل پیش آئی کہ رشتے دار اور دوست احباب عجیب و غریب نظروں سے دیکھتے تھے اور سعودیوں کیلئے اس قسم کے کاموں میں حصہ لینے کو معیوب سمجھ رہے تھے۔ الدوسری نے بتایا کہ میں نے اس بات کی کوئی پروا نہیں کی۔ بری بات یہ ہے کہ انسان بیکار پڑا رہے۔ کوئی کام ایسا نہیں جسے معمولی و حقیر گردانا جائے۔ 60برس قبل ہمارے آباؤ اجداد اپنے کام خود ہی کیا کرتے تھے۔ حالیہ ایام میں مختلف کاموں کو حقیر گرداننے کے رواج نے ہمیں بے روزگار بنا دیا۔