Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روبوٹ نے فلک بوس عمارتوں کی صفائی اور آگ بجھا کر جنادریہ میں دھوم مچا دی

ریاض .... سعودی ثقافت کے ترجمان جنادریہ میلے 32میں روبوٹ نے فلک بوس عمارتوں کی صفائی اور آگ بجھانے کا کام انجام دیکر شائقین میں دھوم مچا دی۔ الخرج ٹیکنالوجی کالج میں خداداد صلاحیت کے مالک طلباءکے نگراں مرکز کے انچارج ماجد الشمری نے بتایا کہ امسال جنادریہ میلے میں ہمارے کالج نے ایک اسٹال قائم کیا ہے جس پر بچوں اور بڑوںکو تعلیم دینے والے روبوٹ، اسمارٹ گیمز والے روبوٹ رکھے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں شائقین کو اپنی صلاحیت اور تخلیقی استعداد کو اجاگرکرنے کا بھی موقع دیا جارہا ہے۔ یہاں ایک اسٹال پر تیزی سے آگ بجھانے والے روبوٹ دکھائے جارہے ہیں۔ ان میں سے بعض روبوٹ شہری دفاع کے اہلکار ریموٹ کنٹرول سے چلاتے ہیں۔ روبوٹ آگ بجھا نے والا پاﺅڈر یا آگ بجھانے والا جھاگ استعمال کرکے شہری دفا ع کے اہلکاروں کا کام انجام دیتا ہے۔ روبوٹ کو آگ بجھانے کے سلسلے میں سیڑھیاں چڑھنے، اترنے، تنگ مقامات میں گھسنے ، نیچے جانے ، اوپر چڑھنے کے سلسلے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ انہیں ڈیزائن ہی اسی انداز سے کیا گیا ہے۔ الشمری نے بتایا کہ ایسے روبوٹ بھی ہیں جو آگ بجھانے والے اسمارٹ سیلنڈر کے طور پر گھروں میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ الشمری نے یہ بھی بتایا کہ آگ لگنے کی صورت میں فلک بوس عمارتوں کو خالی کرانے کا کام بھی روبوٹ سے لیا جاتا ہے۔ بلند و بالا ٹاورز کی صفائی کا کام روبوٹ انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔ جنادریہ میلے میں انواع و اقسام کے روبوٹ اور انکی رنگا رنگ کارکردگی دیکھنے والے شائقین کثیر تعداد میں ہیں۔ روبوٹ کے مناظر انہیں حیران کئے ہوئے ہیں۔

 

شیئر: