ایتھوپیا کے 3دراندازگرفتار،عکاظ میلے میں 20برس سے کام کررہے تھے
طائف.... طائف پولیس نے عکاظ میلے میں 20برس سے کام کرنے والے ایتھوپیا کے 3درانداز گرفتار کرلئے۔زیر حراست ایتھوپین نے طائف پولیس سے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ 20برس سے زیادہ عرصے سے ایک ادارے کیلئے کھدائی کا کام کررہے ہیں۔ عکاظ میلے کا ایک ذمہ دار انہیں غیر قانونی طریقے سے کام کی سہولت مہیا کئے ہوئے ہے۔ طائف پولیس کے ماتحت اسپیشل فورس نے شبے کی بنیاد پر ایتھوپیا کے مذکورہ 3افراد کو اسوقت گرفتار کیا جب وہ عکاظ میلے کے دروازے سے داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ وہ گیٹ کی حفاظت کے کام پر مامور تھے۔ ان دنوں عکاظ میلے کی جگہ طائف موسم بہار کا میلہ چل رہا ہے۔ جمعرات کو اسکا افتتاح ہوا تھا۔ ایتھوپین نے اعتراف کیاکہ وہ درانداز ہیں۔ انکے پاس اقامہ نہیں۔ انکے پاس کوئی شناختی دستاویز بھی نہیں۔ وہ 20برس سے میلے کے اندر ہی رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ مختلف ذرائع ابلاغ کی مد د سے وقتاً فوقتا ً خبردار کرتا رہا ہے کہ کوئی بھی ادارہ یا فرد اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کارکنان سے کوئی کام نہ لے۔ محکمہ یہ انتباہ بھی جاری کئے ہوئے ہے کہ جو شخص بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا اس پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ متعلقہ ادارے کو 5برس تک افرادی قوت کی درآمد سے روک دیا جائیگا۔ ادارے کی تشہیر خود اسکے خرچ پر کی جائیگی۔ انچارج کو 6ماہ قید ہوگی۔ غیر ملکی ہونے کی صورت میں مملکت سے بیدخل بھی کردیا جائیگا۔