تبوک .... محکمہ شہری دفاع اور شاہ فیصل ائیر بیس کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرکے پہاڑ ی چوٹی پرپھنس جانے والے مقامی شہری کو بحفاظت نیچے اتار لیا ۔ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان لیفٹینٹ عبدالعزیز الشمری نے بتایا کہ کنٹرول روم میں اطلاع ملی کہ تبوک ریجن کی الوعرہ پہاڑی سلسلے کی ایک چوٹی پر ایک شخص پھنس گیا ہے جو زخمی ہونے کی وجہ سے اتر نہیں سکتا ۔ شہری دفاع کی امدادی ٹیم جب موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ پہاڑی چوٹی جہاں زخمی شخص موجود تھا 1500 میٹر بلند تھی جبکہ چوٹی سے پھسلنے کی وجہ سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی ۔ڈھلواں راستے کی وجہ سے امدادی ٹیم کو زخمی کو اتارنے میں دشواری کاسامنا کرنا پڑا جس پر شاہ فیصل ائیر بیس سے مدد طلب کی گئی۔ جہاں سے امدادی طیارے کے ذریعہ زخمی کو اتار کر اسپتال پہنچادیا گیا ۔