ون ڈے سیریز:نیوزی لینڈ نے پہلا میچ 3وکٹوں سے جیت لیا
ہیملٹن:نیوزی لینڈ نے 5 ون ڈے کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کیویز نے 285 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روس ٹیلر نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ مچل سینٹنر نے آخر میں 27 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹام لیتھم نے 79 رنز بنائے، ٹیلر کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ہیملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ جوز بٹلر 79، جو روٹ 71 اور جیسن رائے 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف روس ٹیلر کی شاندار سنچری کی بدولت 49.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 27 کے مجموعی ا سکور پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد روس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 178 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا۔ لیتھم 79 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ روس ٹیلر نے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ آخر میں مچل سینٹنر نے 27 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو فتح دلا دی۔ ان کی اننگز میں4 چھکے شامل تھے۔ بین اسٹوکس اور کرس ووکس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ روس ٹیلر مین آف دی میچ رہے۔