جدہ..... تحریک انصاف کے رہنما اور ویسٹرن ریجن جدہ کے سابق صدر مرزا ندیم الحق نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے تمام ورکروں کو اپنے حلقوں میں عوام سے بھر پو ررابطے کی ہدایت کی ہے۔ عام انتخابات قریب ہیں۔ تحریک انصاف مارچ میں ملک بھر سے پارٹی امیدواروں اور ان کے حلقوں بھی اعلان کردے گی۔ عمران خان عوام رابطہ مہم کا آغاز کراچی سے کر رہے ہیں۔ کرپٹ مافیا کے خلاف عوام کو متحرک اور متحد کیا جائے گا۔ وہ جدہ میں پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے نائب صدر شہباز بھٹی کی جانب سے دی گئی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی وہاڑی کے سابق صدر شاہد چوہان،جدہ کی سی ای سی کے ممبر کاشف ناز ،ڈاکٹر خرم اور سوشل میڈیا کے اشعر خان بھی موجود تھے۔ مرزا ندیم الحق نے کہا کہ عمران خان نے پانامہ کیس بھر پور طریقے سے لڑ کر شریف برادران کو بے نقاب کردیا ۔آئندہ الیکشن میں مافیا ملکر ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کرے گی تاہم تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں کامیابی کے لئے پر امید ہے اور اس کی تیاری کررہی ہے۔ حکومت میں آکر دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت دوبارہ بحال کرائیں گے۔ نئے پاکستان کی منزل قریب آرہی ہے۔ دریں اثناءتقریب میں عمران خان کی تیسری شادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا گیا ۔