اکبر الدین اویسی کے اعزاز میں تقریب اعتراف خدمات
سپاس نامہ اور غلاف کعبہ پیش کیا گیا ، قائد مجلس سے قوم و ملت کے تئیں امیدیں وابستہ ہیں، رحیم انصاری
امین انصاری ۔ جدہ
حال ہی میں شہر حیدرآباد میں منعقدہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کے موقع پر بہترین انتظامات پر جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ مجلس اتحاد المسلمین کو جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد میں علمائے کرام اور دیگر اہم شخصیتوں کی موجودگی میں تہنیت پیش کی گئی ۔ ناظم جامعہ مولانا محمد رحیم الدین انصاری نے انہیں سپاس نامہ پیش کیا اور انکی قوم و ملت کیلئے خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے غلاف کعبہ کا عظیم تحفہ پیش کیا ۔
اکبر الدین اویسی نے سپاس نامہ اور غلاف کعبہ دیئے جانے پر رحیم الدین انصاری اور دارالعلوم حیدرآباد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ میرے لئے بابرکت اور محترم چیز ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے گھر کا غلاف یقینا اللہ کے بندوں کی خدمت میں نمایاں کارکردگی کا باعث بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سے قوم و ملت کا کام لے رہا ہے، یہ اس کا کرم ہے۔ ہم اپنی آخری سانس تک ملت اسلامیہ کی خدمت کرتے رہیں گے، انشاء اللہ ۔ انہوں نے دارالعلوم حیدرآباد کے اساتذہ ، ذمہ داران اور خاص کر رحیم الدین انصاری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کیلئے اِس تقریب کا انعقاد عمل میں لایا اور سپاس نامہ و غلاف کعبہ عطا کیا ۔
ناظم دارالعلوم حیدرآبا نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے بعد حیدرآباد کے پُرآشوب حالات میں سالارِ ملت جناب سلطان صلاح الدین اویسی رحمہ اللہ ؒ نے شکستہ حال مسلمانوں کو بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ۔ سالار ملت نے ملک و قوم اور ملت کیلئے بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ اور جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی کی شکل میں 2 ایسے گوہر نایاب عطا کئے جن کی خدمات کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ تعلیم و طب کے شعبوں میں اکبر اویسی نے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں ۔ عوامی سطح پر انہو ںنے اپنی کامیاب و بے تکان جدوجہد کے انمول ثبوت پیش کئے ۔ گزشہ دنوں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈحیدرآباد میں منعقدہ 23 ویں اجلاس عام کے انتظامات میں اکبر الدین اویسی کی خدمات مثالی اور ناقابل فراموش رہیں ۔
اکبر اویسی نے نونہالانِ ملت کے لئے اعلیٰ معیاری اسکولس کے قیام عمل میں لائے تو دوسری جانب عوام کے لئے بلالحاظ مذہب معیاری طبی خدمات بھی پیش کی ہیں جس کا سپاس نامہ میں تذکرہ کیا گیا ہے ۔ مولانا رحیم الدین انصاری نے مستقبل کے لئے قائد مجلس سے قوم و ملت کے تئیں امیدیں وابستہ کیں ۔ دارالعلوم حیدرآباد کے لئے ان کے گراں قدر تعاون کا بھی اعتراف کیا گیا ۔ دارالعلوم کی انتظامیہ ، اساتذہ و طلبہ کی جانب سے اکبر الدین اویسی کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ ، مولانا مظہر حسینی صابری ، حامد محمد خان ، ضیاء الدین نیر ، حافظ پیر شبیر احمد ، مولانا سید محمد حسینی سعید قادری ، منیر الدین احمدمختار ، جعفرحسین معراج ، مولانا مرتضیٰ پاشاہ اولیاء حسینی ، محمد سلیم ، عبدالمنعم حاجی سیٹھ ، سید حسینی صابری ، حسنین صابری اور دوسری سرکردہ شخصیات موجود تھیں ۔
جدہ میں مقیم ہندوستانی تارکین کی مزید خبریں پڑھنے کےلئے یہاں کلک کریں