Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کا سنہری دور واپس لانا چاہتے ہیں، جیسن ہولڈر

ہرارے:ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ کو سنہری دور واپس آئے گا اور ٹیم ایک مرتبہ پھر ورلڈ چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوگی۔1975اور 1979ءمیں مسلسل 2ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم گزشتہ 11میگا ایونٹس میں براہ راست رسائی حاصل کرتی رہی لیکن اس مرتبہ اسے ورلڈ کپ تک پہنچنے کےلئے کوالیفائر راونڈ میں شرکت کرنا پڑے گی جس کے وارم اپ میچوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم 2015ءکے ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل تک پہنچی تھی لیکن اس کے بعد سے اس کی کارکردگی روبہ زوال ہے اور اسے گزشتہ3سال کے دوران 42میچوں میں صرف8میں کامیابی مل سکی۔ ہولڈر نے کہا کہ تیسرا ورلڈ کپ جیتنا میرا خواب ہے اور اس کے لئے ہمیں منظم انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چند کامیابیاں ہمیں ایک متوازن اسکواڈ اور کمبینیشن کی تشکیل میں  مدد دیں گی اور ہم فتح کی پرانی ڈگر پر گامزن ہو جائیں گے۔ کپتان نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا اور جو ہو رہا ہے اس کےلئے کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا کیونکہ ہم خود ہی اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ اب یہ بھی ہماری ہی ذمہ داری ہے کہ اس صورتحال سے باہرآئیں ۔

شیئر: