ہیڈنگلے: ویسٹ انڈیز نے شے ہوپ اور جیسن ہولڈر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے 329/5 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو پہلی ہی گیند پر جیمز اینڈرسن نے ہوپ کو 147 رنز پر آوٹ کردیا ۔اینڈرسن نے اگلی ہی گیند پر شین ڈاورچ کوآوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 427 رنز بنا کر 169 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے5 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا۔انگلش ٹیم کی دوسری اننگز میں 58 رنز پر پہلی وکٹ گری جب ایلسٹر کک کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔ کپتان جیسن ہولڈر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 رنز بنانے والے ٹام ویسٹلے کو بھی رخصت کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی لیکن انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 94 کے مجموعی اسکور پر شینن گیبریئل نے دوسرے اوپنر مارک اسٹون مین کی وکٹیں بکھیر دیں۔94 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد انگلش کپتان جوئے روٹ اور ڈیوڈ ملان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دن کے اختتام تک کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی اور 171 رنز بنا لئے۔روٹ 45 اور ملان 21 رنز پر کھیل رہے۔پہلی اننگز میں خسارے کے سبب انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز پر مجموعی طور پر صرف2 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ اس کی 7وکٹیں ابھی باقی ہیں۔