ویسٹ انڈین بورڈ نے دورہ پاکستان کی نئی تاریخ دے دی
لاہور:پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ ز کے درمیان معاملات حل ہو گئے ہیں اور نئے پروگرام کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم اب اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور ویسٹ انڈین بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ کیمرون کے درمیان براہ راست رابطے کے بعد سیریز کے بارے میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ملنے والی نئی تجویز کے بعد اب یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان3 ٹی 20 انٹرنیشنل اب اپریل میں ہوں گے اور لاہور میں 3میچ کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے ہند روانہ ہو جائیںگے۔ انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز7 اپریل سے ہو گا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ نئی تجویز کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم لاہور میں یکم، 2 اور 4 اپریل کو میچز کھیلے گی۔ویسٹ انڈین کھلاڑی لاہور میں 4دن قیام کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیریز کی منسوخی کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کی تیاریوں کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد دبئی سے لاہور چلے گئے ہیں۔نئے پروگرام کے مطابق پاکستان سپر لیگ فائنل کے بعد پاکستانی کرکٹرز 27 مارچ کو مختصر کیمپ کیلئے لاہور میں ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے ہماری کوششیں درست سمت میں ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ کو پاکستان کی جانب سے جواب ملنے کے بعد دورے کی تصدیق ہو سکے گی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ویسٹ انڈین بورڈ کی میزبانی میں فلوریڈا میں ہونے والی3ملکی سیریز کی آمدنی میں حصہ مانگنے اور ویسٹ انڈین بورڈ کے دورہ پاکستان کےلئے معاوضے میں اضافے کے مطالبے پر دورہ اور سیریز خطرات سے دوچار ہوئے تھے۔