سعودی عرب پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کریگا، عبدالرحمان الحربی
ریاض میں پاک ، سعودی مشترکہ ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، پاک سعودی مشترکہ بزنس کونسل فعال بنائی جائیگی
ریاض (جاوید اقبال)سعودی عرب کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت عبدالرحمان الحربی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ریاض میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بارے میں پاک سعودی مشترکہ ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا نے کی۔ بی او آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری سلیم رانجھا اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق وفد میں شامل تھے۔ ساتھ ہی ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود تھی۔اس موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی بھی موجود تھے۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا اور گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والے پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں جو مفاہمت ہوئی تھی اس کے مطابق یہ کام انجام پائیگا۔سعودی حکام نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان میں مجموعی سرمایہ کاری کا ماحول فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں پیٹرو کیمیکل ، ڈیری ، لائیو اسٹاک اور کانکنی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب ایک ٹیکنیکل ٹیم پاکستان بھیجے گا جو ان شعبوں کی نشاندہی کریگی جہاں سرمایہ کاری کے مواقع پائے جاتے ہیں۔ فریقین نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ2 ماہ میں پاک سعودی مشترکہ بزنس کونسل کو فعال کیا جائیگا۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پاکستان سال رواں کے دوران ہی سعودی عرب میں نمائش کا اہتمام کریگا۔ تجارتی تعلقات کو تیز کرنے کےلئے اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ ویزہ فیس، کمپنیو ںکی رجسٹریشن ، شپمنٹ میں تاخیر جیسے معاملات پر قابو پاکر باہمی تجارت کو فروغ دیا جائیگا۔ محمد یونس ڈھاگا نے اجلاس میں مختلف اہم امور پر ہونے والی پیشرفت پر مسرت ظاہر کی اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس اب اپریل 2018ءمیں اسلام آباد میں ہوگا جہاں ان شعبوں کی نشاندہی ہوگی جن میں سرمایہ کاری کی جائیگی۔