Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامعہ اسلامیہ مدینہ میں سالانہ عالمی ثقافتی میلے میں پاکستانی اسٹال بازی لے گیا

     جدہ(  ارسلان ہاشمی  ) جامعہ اسلامیہ  مدینہ منورہ  میں منعقدہ سالانہ عالمی ثقافتی میلے میں پاکستانی پویلین  نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔  اس موقع پر جامعہ اسلامیہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے طالب علم  وقار احمد سندھی نے اردونیوز کو بتایا کہ گزشتہ برس بھی جامعہ میں پاکستانی پویلین کو غیر معمولی مقبولیت حاصل رہی تھی  امسال بھی سالانہ میلے میں پاکستان کی نمائندگی سرفہرست رہی ۔عالمی ثقافتی میلہ 9 مارچ تک جاری رہے گا   ۔ میلے کا افتتاح گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے کیا تھا ۔ میلے میں 70 سے  زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء شرکت کررہے ہیں جو اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی  تہذیب و ثقافت کی عکاسی کر رہے  ہیں ۔  وقار سندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستانی سفارتکاروں اور اپنے بھائیوں کو میلے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں ۔ سفیر پاکستان سے گزارش ہے کہ  وہ اس اہم موقع پر میلے میں  شرکت کرکے  ہماری حوصلہ افزائی کریں جس میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ سندھی کا  مزید کہنا تھا کہ میلے میں پاکستانی اسٹال کو  غیر معمولی مقبولیت حاصل رہی جو اس بات کا  واضح ثبوت ہے کہ  ہمارے ساتھیو ں کی مشترکہ کاوشیں کامیاب رہی ۔  کامرانی کے اس  سفر کو جاری رکھیں گے ۔ ساتھ ہی  مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں مقیم اپنے پاکستانی بھائیوں سے  درخواست ہے کہ وہ میلے میں شرکت کریں اور اپنے مشوروں سے ہمیں نوازیں ۔  عالمی ثقافتی سالانہ میلے میں  فیملیز کیلئے داخلے کے اوقات عصر کی نماز کے بعد سے شروع ہوتے ہیں جبکہ مردوں کیلئے صبح کا   وقت مقرر ہے ۔    واضح رہے  جامعہ اسلامیہ  مدینہ منورہ میں  ہر برس عالمی ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں  جامعہ میں  زیر تعلیم طلباء اپنے اپنے ملکوں کی  ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔  اس ضمن میں پاکستانی اسٹال کے ذمہ دار  وقار احمد سندھی  تھے   انہوں نے  اسٹال کو سبز ہلالی پرچمو ںسے سجا کر  وہاں  وطن عزیز کی ثقافت کو  بہترین انداز میں اجاگر کیا  جسے  حاضرین نے بے حد سراہا ۔ اسٹالوں کے  مقابلے میں پاکستانی اسٹال کو پہلی  پوزیشن حاصل رہی جس پر انتظامیہ کی  جانب سے منتظمین کو  انعام  اور تعریفی  سند بھی دی گئی ۔
مزید پڑھیں:- - - - - -بیت المقدس کے عکس کا حامل الجزائر کا نیا سکہ، سوشل میڈیا پر مقبول
 
 

شیئر: