ٹرک کا کار سے ٹکرانا حادثہ نہیں ، سازش ہے، توگڑیا
نئی دہلی۔۔۔۔۔وشو ہندو پریشد کے رہنماپروین توگڑیا کی بلٹ پروف کار کو ٹرک نے ٹکر مار دی تاہم وہ بال بال بچ گئے۔ وہ ایک تقریب شرکت کیلئے سورت جا رہے تھے ، راستے میں ٹرک نے اتنی زوردار ٹکرماری کہ کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔ حادثہ کے بعد توگڑیا نے اسے منصوبہ بند سازش قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ محض حادثہ نہیں بلکہ قتل کی سازش ہے۔ توگڑیا نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’سفر کے دوران زیڈ پلس سیکیورٹی میں آگے پیچھے حفاظتی دستے ہوتے ہیں لیکن ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب پیچھےکوئی گاڑی نہیں تھی۔توگڑیا نے میڈیاکے نمائندوں کو بتایا کہ ان کی گاڑی کے آگے صرف اسکارٹ گاڑی چل رہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے ٹرک ڈرائیور نے ان کی کار کوکچلنے کی کوشش کی اگر بلٹ پروف کی جگہ دوسری گاڑی ہوتی تو پرخچے اڑ گئے ہوتے۔توگڑیا نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کی اور کہا کہ حکومت کو اس حادثہ سے آگاہ کرینگے ۔واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں توگڑیا کےاچانک غائب ہوجانےپر کافی ہنگامہ برپا ہوگیاتھا۔ توگڑیا تقریباً 11 گھنٹے کے بعداحمد آباد کے ایک پارک میں بیہوشی کی حالت میں پا ئے گئے تھے۔ ہوش میں آنے کے بعد توگڑیا نےافسردگی کے عالم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے انکاؤنٹر کی سازش کی جا رہی ہے۔