باپ نے شریر بیٹے کو بارش میں ایک میل دوڑنے پر مجبور کر دیا
لندن - - - - بچوں کی تربیت اور انہیں صحیح انداز میں زندگی گزارنے کا طریقہ سکھانا بڑا مشکل کام ہے مگر جن والدین کو اپنے بچوں سے محبت ہوتی ہے وہ بچوں کی خاطر ان کے ساتھ محبت اور نرم دلی سے بھی پیش آتے ہیں اور سختی بھی کرتے ہیں ۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والے ایک شہری نے اس وقت کر دکھایا جب اس نے اپنے بچے کو بدتمیزی اور بدمعاشی پر عجیب و غریب سزا دی ۔ تفصیلات کے مطابق بائرن تھارن ہل نامی شخص نے اپنے بیٹے کو ایک میل تک بارش میں دوڑایا کیونکہ اس نے بد تمیزی کی تھی اور بار بار کی تنبیہ کے باوجود وہ اپنی بد معاشیاں ترک نہیں کر رہا تھا ۔ بیٹے کو یہ عجیب و غریب سزا دینے کے بعد برائن نے بتایا کہ اس نے اپنے بیٹے کو مثالی سزا دی ہے تاکہ دوسرے لوگ بھی اس کی تقلید کریں کیونکہ بگڑے ہوئے بچوں کو ٹھیک کرنے کیلئے سختی بھی ضروری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بائرن نے اپنے بیٹے کو اس وقت سزا دی جب وہ اسکول جانے کیلئے گھر سے نکلا تھا اور زور دار بارش شروع ہو گئی تھی مگر باپ نے اسے اسی بارش میں دوڑتے ہوئے گھر سے ایک میل دور واقعہ اسکول تک جانے پر مجبور کر دیا ۔ حیرت انگیز بات یہ ہوئی کہ لڑکے کے والد خود کار میں بیٹھے رہے اور آہستہ آہستہ بیٹے کے ساتھ ساتھ کار ڈرائیو کرتے ہوئے اسکول تک پہنچے ۔ کچھ لوگوں نے موقع کی ویڈیو بناکر جاری کر دی ہے اور اس عبرتناک سزا کو عملی شکل میں دیکھا ۔ دوسرے لوگوں کے علاوہ خود باپ نے بھی گاڑی میں بیٹھے ہوئے بھیگے ہوئے بیٹے کی ویڈیو بنائی اور اس عنوان سے جاری کی کہ ’’آپ اپنے والد کی باتیں سنا کریں‘‘۔کہا جاتا ہے کہ ان کا بیٹا گزشتہ 3دنوں سے اسکول نہیں گیا تھا کیونکہ وہ جب بھی اسکول کیلئے روانہ ہوتا بس میں بیٹھے دوسرے بچوں کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دیتا نتیجہ میں ڈرائیور اسے اتار دیتے۔