واشنگٹن کی شاہراہ برفانی تودے گرنے سے بند ہوگئی
واشنگٹن....واشنگٹن کے قریب واقع شہر نیو ہیلم کے مشرقی علاقے سے گزرنے والی شاہراہ برفانی تودے گرنے کے بعد چاروں طرف برف سے گھر گئی اور ٹریفک کا آنا جانا بند ہوگیا۔ کہا جاتا ہے کہ اس علاقے میں کئی دنوں سے شدید برفباری ہورہی تھی لیکن چونکہ برفباری کے دوران وقفہ بھی رہتا تھا اسلئے پہلے تو شہریوں نے اسے عام برفباری سمجھا مگر پھر ایک بہت بڑا برفیلا تودہ پوری شدت سے زمین پر آگرا اور برف چاروں جانب پھیل گئی جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد ورفت بند ہوگئی۔ یہ واقعہ نیو ہیلم سے 20کلو میٹر دور پیش آیا اور موقع کی جو وڈیو جاری کی گئی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ منوں بلکہ ٹنوں برف راستے کے چاروں جانب گر کر پھیل گئی ہے۔ دونوں جانب سے گاڑیوں کی آمد ورفت بند ہوگئی ہے۔ شاہراہ کا ایک ٹکڑا ایسا بھی تھا جہاں جمع ہونے والی برف 30فٹ اونچی تھی۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ تودہ مکمل شکل میں پھسل کرزمین پرآیا تھا۔ وڈیو سے تودے گرنے کا عمل بھی صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ واقعہ نارتھ کاسکیڈز ہائی وے پر صبح ساڑھے 10بجے پیش آیا۔ واشنگٹن کے محکمہ مواصلات اور سڑکوں پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہناہے کہ گرنے والا تودہ یقینی طور پر 300فٹ چوڑا اور 30فٹ اونچا تھا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً60افراد اس ناگہانی آفت میں پھنس گئے مگر ان سب کو جلد وہاں سے نکالا تو نہیں جاسکا مگر انہیں رہنے پناہ گاہ اور خوراک پہنچا دی گئی ۔ اس طرح کوئی انسانی المیہ پیش نہیں آیا۔ تودے گرتے وقت قریب سے گزرنے والی دوسری سڑک سے سفر کرنے والے راب مرسر نامی شخص نے موقع کی تصویر اور وڈیو اتاری اور نیٹ پر جاری کردی۔ وڈیو خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کہناہے کہ برفباری معمولی چیز ہے مگر تودہ گرنے سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ اس سے قبل نہیں دیکھی گئی۔