Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی بدترین شکست

 
دبئی:پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح اپنے نام کر لی۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو دیدی جو ان کے گلے پڑ گئی۔شین واٹسن کی 90 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے4 وکٹوں پر 180 رنز بنا ئے ۔شین واٹسن کو مین آف دی میچ کا اعزا ز دیا گیا۔پیٹرسن نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 52رنز بنائے۔اسد شفیق نے 16اور روسو نے 13رنز کی اننگز کھیلی۔جواب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوئی جب 2پر 2اور 55پر 5کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔شاہد آفریدی نے فٹنس کے بعد ایک اسکور کیا اوراوپنر ڈینلی نے بھی ایک ہی اسکور کا اضافہ کیا۔بوپاراصفر پر آوٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 32اور کپتان عماد وسیم نے 35رنز کی اننگز کھیل کر مجموعی اسکور میں قدر ے اضافہ کرنے کی کوشش کی جو کامیابی کی جانب گامزن نہ ہو سکی اور مقررہ اوورز میں8 وکٹوں پر بمشکل 113 رنز بن سکے۔راحت علی اور انور علی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 67 رنز سے فتح پاکستان سپر لیگ میں رنز کے اعتبار سے کسی بھی ٹیم کی سب سے بری شکست ہے۔ لاہور قلندرز نے 2016 کے ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63رنز سے شکست دی کر یہ اعزاز حاصل کر رکھا تھا ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اپنی شکست کا داغ اتار کر کراچی کنگز کو لگا دیا۔

شیئر: