Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برگر بنانے والا ”روبوٹ کاریگر“ معطل، سست روی کا الزام

نیویارک .... گزشتہ دنوں ایک مقامی فوڈ چین نے برگر بنانے کیلئے روبوٹ کو ملازم رکھ لیا تھا جس کی خبر دنیا بھر میں بڑے شوق اور تجسس سے پڑھی اور سنی گئی تاہم اب فلیپی نامی اس روبوٹ کاریگر کے بارے میں افسوسناک خبر یہ ہے کہ اسے معطل کردیا گیا ہے اور انتظامیہ کا کہناہے کہ اس کو معطل کرنے کی اصل وجہ یہ ہوئی کہ اسکے کام کی رفتار بیحد سست تھی تاہم اب اس مشینی کاریگر کو زیادہ بہتر اور تیز رفتار بنایا جائیگا جس کے بعد امید ہے کہ اسے جلد ہی ملازمت پر بحال کردیا جائیگا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی خبروں کے ساتھ تصاویر جو سامنے آئی ہیں اس میں یہ برگر روبوٹ بیک وقت کئی برگر بناتا نظر آتا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پہلے دن اسکی کارکردگی کی بیحد تعریف ہوئی تھی۔ فوڈ چین انتظامیہ کے علاوہ ریستوران میں آنے والے گاہک بھی اسکے بنائے ہوئے برگرز کی بیحد تعریف کررہے تھے تاہم اب انجینیئروں کا کہناہے کہ کسی ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے اسکے کام کی رفتار اتنی تیز نہیں رہی جتنی اس سے متوقع کی گئی تھی۔ فلیپی کو معطل کرنے کے بعد ریستوران انتظامیہ نے ایک بڑا سائن بورڈ اپنے گیٹ پر لگادیا ہے جس پر تحریر ہے کہ” مناسب وقت پر فلیپی کو جلد بحال کردیا جائیگا“۔ پہلے دن کی ایک اور حیرت انگیز بات یہ ہوئی کہ کمپنی نے اس کے بارے میں آن لائن پر کئے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اتنی پریشان ہوئی کہ اس کے بارے میں خبریں اور تصاویر آن لائن سے واپس لے لیں۔امریکی اخبار یو ایس ٹوڈے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریستوران انتظامیہ نے یہ یقین دہانی تو کرادی ہے کہ یہ جلد بحال کرادیا جائیگا مگر کس دن بحال ہوگا اس کا تعین نہیں ہوسکاہے۔ اس سے قبل کمپنی نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ یہ روبوٹ کاریگر ایک دن میں2 ہزار برگر تیار کرسکتا ہے۔
 
 

شیئر: