کروگر ، جنوبی افریقہ ..... کہتے ہیں کہ ہاتھی جسمانی طور پر جتنا طاقتور ہے دماغی طور پر بھی اتنا ہی کینہ توز ہوتا ہے اور یہ وہ کیفیت ہے جو نسل در نسل ہاتھی میں منتقل ہوتی رہتی ہے۔ایسا ہی کچھ مقامی نیشنل پارک میں رہنے والے ایک بددماغ یا بہادر سمجھے جانے والے ہاتھی کے بچے نے کر دکھایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس بچے کو نہ جانے اچانک کیا سوجھی کہ ا س نے پارک کی سیر کو آئے ہوئے سیاحوں کو پہلے تو ڈرانے کی کوشش کی اور پھر انہیں علاقے سے بھگانے کیلئے انکا زور دار پیچھا کیا۔ صورتحال ایسی تھی کہ سیاحوں نے بھاگ کر اپنی جان بچانے میں ہی عافیت جانی مگر ہاتھی کا یہ بچہ نہ جانے کس دھن میں تھا کہ اس نے راہ فرار اختیار کرنے والے سیاحوں کو بھی نہیں چھوڑا اور انکا پارک کے باہر تک پیچھا کیا۔ حد یہ کہ چند سیاحوں کی کار کو بھی الٹنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ ہاتھی کے اس بچے کی حرکت کی وجہ سے تمام سیاحوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور جب کچھ دور بھاگنے کے بعدسیاحوں کو احساس ہوا کہ وہ اب محفوظ ہیں تو انہیں ایک جگہ بیٹھ کر سانس لینے اور آرام کی کوشش کی۔ ہاتھیوں کے غیر متوقع ردعمل کی کہانیاں عام ہیں مگر یہ پہلا موقع ہے کہ ہاتھی کا کوئی بچہ اتنا” سنسنی خیز “ ثابت ہوا ہے۔موقع کی وڈیو تقریباً4منٹ کی ہے جسے دیکھ کر ہنسی بھی آتی ہے اور ہاتھی کے بچے کی حرکت پر غصہ بھی آتا ہے۔ غصہ ذرا کم ہوا تو ہاتھی کا بچہ پارک میں لگے ہوئے کیمرے کی جانب گھور کر دیکھنے لگا اور پھر زور دار آوازیں نکالنا شروع کردیں۔