پہلا ٹی ٹوئنٹی :کیویز نے ویسٹ انڈیز ویمنز کو ہراد یا
ماﺅنٹ موگینوئی: نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز کو 8 رنز سے شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز میں0-1کی برتری حاصل کرلی۔ کیویز کی طرف سے ملنے والے 168 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ٹیم 159 رنز بناسکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیٹی مارٹن 54 اور کپتان سوزی باٹیز 49 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، ویسٹ انڈیز ویمنز کی طرف سے ہالیے میتھیوز کے 53 اور کپتان ا سٹیفنی ٹیلر کے ناقابل شکست 50 رنز بھی اپنی ٹیم کے کام نہ آسکے اور دونوں نصف سنچریاں ناکام گئیں۔بدھ کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتان سٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے کیٹی مارٹن کے 54، کپتان سوزی باٹیز کے 49 اور ایمی ساٹرتھویٹ کے 36 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 168 رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے ڈوٹن نے دو جبکہ کونل، میتھیوز، انیسا محمد اور فلیچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناسکی۔