اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
شارجہ: پی ایس ایل3 کے 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7وکٹوں پر 147رنز بناسکی۔ جیسن روئے اور شین واٹسن نے آغاز کیا مگر واٹسن 8 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، عمر امین نے جیسن روئے کے ساتھ اسکورمیں کچھ اضافہ کیا ، روئے بھی 17 رنز بناکر عماد بٹ کا شکار بن گئے۔کیون پیٹرسن بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے وہ صرف 7 رنز بناسکے، عمر امین نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ملکر 64 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد امین 28 رنز پر آوٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے جبکہ دیگر بلے بازوں میں کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا، انور علی 2 اور محمد نواز صرف ایک رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، ریلی روسوو 16 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ فہیم اشرف نے 3، عماد بٹ نے 2 جبکہ طلعت حسین اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا۔اسلام آباد کے جے پی ڈومینی اور لیوک رونکی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن رونکی دوسرے ہی اوور میں 10 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہو گئے۔الیکس ہیلز نے ڈومینی کے ساتھ 55 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ہیلز 16 رنز بناسکے۔ڈومینی کا ساتھ دینے شاداب خان آئے مگروہ 18 رنز بناکر واٹسن کا شکار بنے۔ ڈومینی نے نصف سنچری مکمل کی اور وہ 54 رنز بناکر آوٹ ہو ئے انہیں مین آف دی میچ کااعزاز دیا گیا۔حسین طلعت نے 17 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ آصف علی 18 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔