ریاض.... الحدیثہ سرحدی چوکی کے کسٹمز حکام نے گزشتہ دنوں 4مختلف اوقات میں ایک لاکھ 9ہزار نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سرحدی چوکی کے سربراہ ابراہیم العنزی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں سبزیوں سے لدا ہوا ایک ٹرک بیرون ملک سے الحدیثہ سرحدی چوکی کے راستے مملکت میں داخل ہو رہا تھا ۔ تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ ٹرک کے کولنگ سسٹم کے اندر نہایت ہوشیاری سے نشہ آور گولیاں چھپائی گئی ہیں۔ دوسرے واقعہ میں اسمگلر نے گاڑی کے انجن کے اندر نشہ آور گولیاں چھپائی ہوئی تھیں۔ تیسرے واقعہ میں ٹرک کے اندورنی خفیہ خانوں میں 36ہزار سے زیادہ اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ چوتھی کوشش میں کسٹمز حکام نے ایک مسافر کے پاس پاور بینک ضبط کیا جس میں 600سے زیادہ نشہ آور گولیاں رکھی ہوئی تھیں۔