جانی نقصان نہیں ہوا،آگ عمارت کے گراﺅنڈ فلو ر کے فلیٹ میں لگی ، اطلاع ملتے ہی محکمہ شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس جائے حادثہ پر پہنچ گئے، ترجمان شہری دفاع
جدہ ( ارسلان ہاشمی) محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے المشرفہ کے علاقے کی ایک عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ شہری دفاع کو اطلاع ملی کہ المشرفہ ڈسٹرکٹ کی ایک 3 منزلہ عمارت کے گراﺅنڈ فلو رکے فلیٹ میں آگ لگ گئی ۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی محکمہ شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہو ں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھادی ۔ آتشزدگی سے دھواں پوری عمارت میں بھر گیا جسے نکالنے کےلئے فائر فائٹرز کا دوسرا یونٹ بھی سرگرم عمل تھا ۔ امدادی یونٹ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عمارت سے دھواں نکالنے کے لئے متحرک ایگزاسٹ فین بھی لگا دیئے تاکہ آگ بجھانے کی کارروائی میں دشواری پیش نہ آئے ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی سے کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہو ا۔ محکمہ کے اہلکاروں نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے آگ کو محدود کر دیا تاکہ وہ دیگر فلیٹوں تک نہ پھیل سکے ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جس کے بارے میں متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں ۔