Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں تلنگانہ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ

امین انصاری۔ جدہ 
انڈین کرکٹ فیڈریشن جدہ کے زیر اہتمام تلنگانہ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا جدہ میں شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔اس ٹورنامنٹ میں جدہ کی 6 ٹاپ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے ۔ کرکٹ مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں میں آرکوما ، دکن یوتھ ،آلیند ڈی کے ، کے وائی ایف سی اور ورنگل موجود ہیں ۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں جدہ کی مایہ ناز کرکٹ شخصیات واجد صمدانی ، طلحہ قولانی ، سید افضل ، زاہد علی خان، اسحاق بغدادی ، سمر خان ، محمد رفیع اللہ ، محمد عبدالقدیر اور سید شریف کا تعاون حاصل ہے ۔ مقامی ہوٹل میں تلنگانہ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کپ کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی عثمان بن یسلم بن محفوظ تھے جبکہ ہارون عبداللہ ، میر ، محمود مصری ، رفیع ، محمد ایاز یوسف شریف اور خالد یمانی نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی ۔ عثمان بن یسلم بن محفوظ کے ہاتھوں ٹورنامنٹ کے کپ کی رونمائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدہ کی سرزمین کرکٹرز سے مالا مال ہورہی ہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ یہاں آئے دنوں کرکٹ ٹورنامنٹ ہورہے ہیں اور بہترین کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ جدہ کے بعض کرکٹ کھلاڑی کسی بھی انٹر نیشنل کھلاڑی سے کم نہیں ۔اگر ضرورت ہے تو اس بات کی ہے کہ ان کی صحیح سمت میں رہنمائی ہو ۔ انہو ںنے کہا کہ سعودی انڈین اسپورٹس اینڈ کلچرل فورم نے جدہ کے سلیمانیہ میں گراونڈز حاصل کئے ہیں۔ ان گراونڈز کو تمام عصری ضروریات سے آراستہ کیا جائے گا اور اس گراونڈ پر انتہائی معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جدہ کے نوجوان کرکٹرز ضرور اپنی قابلیت سے دنیا بھر میں نام کمائیں گے ۔ انہوں نے تلنگانہ پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا ۔ سید افضل نے تمام مہمانوں اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی نیک خواہشات اور تعاون کیا ۔

شیئر: