بال ٹیمپرنگ: اسٹیون ا سمتھ پر میچ کی پابندی اور جرمانہ
سڈنی:آئی سی سی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کپتان ا سٹیون ا سمتھ پر ایک میچ کی پابندی لگا دی ہے اور مکمل میچ فیس جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔وہ چوتھا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔بال ٹیمپرنگ میں ملوث کیمرون بینکروفٹ کو میچ فیس کا 75 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔آئی سی سی کے جاری بیان کے مطابق کپتان نے تسلیم کیا کہ ان کا طرز عمل کھیل کے خلاف تھا۔ چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ بطور کپتان اسٹیون اسمتھ کو کھلاڑیوں کے عمل کی ذمہ داری لینا ہو گی اور معطل کرنا مناسب ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلوی تماشائی کھلاڑیوں سے خاص طرزِ عمل کی توقع رکھتے ہیںاور یہ معیار برقرار نہیں رکھا گیا۔ اسمتھ نے کہا تھا کہ یہ بڑی غلطی تھی تاہم وہ مستعفی نہیں ہوں گے۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے بھی اس اسکینڈل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صدمہ پہنچا ہے اور اس خبر سے مایوس ہوا ہوں۔یہ ناقابل یقین ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم دھوکہ دہی میں ملوث رہی ۔یہ کرکٹر ہمارے رول ماڈل ہیں۔سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے اسے سوچی سمجھی دھوکہ بازی قرار دیا ۔