مملکت میں پاکستانی انجینیئرز کی خدمات قابل فخر ہیں ، انسٹی ٹیوشن آف انجییئرز سعودی عریبین سینٹر ر کی سالانہ تقریب سے سفیر پاکستان کا خطاب
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ سی پیک اور سعودی وژن 2030 کے منصوبوں میں پاک سعودی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی ۔2030 تک مملکت کے مختلف پیداواری منصوبوں کے علاوہ دفاعی پیداوار میں بھی پاکستان 50فیصد تک حصہ ڈال سکے گا۔ وہ انسٹی ٹیوشن آف انجییئرز سعودی عریبین سینٹر ریاض کے جلسہ تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور اور کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین کے علاوہ مختلف تنظیموں کے عہدیداران کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ اگلے برسوں میں پاک سعودی تعاون جدید ترین ٹیکنالوجی پر استوار ہوگا۔ اس لئے مملکت میں مقیم پاکستانی انجینیئرز کو چاہئے کہ اس ہمکاری کو مزید مضبوط کرنے کیلئے آئی ٹی کے جدید پہلوﺅں کو متعارف کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگلے برسوں میں پاکستانی انجینیئرز کی جوان اور جدید علم سے آراستہ کھیپ مملکت میں آئیگی۔ خان ہشام بن صدیق نے مملکت کی تعمیر میں پاکستانی انجینیئرز کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا اور اس بات پر انسٹی ٹیوشن کو سراہا کہ یہ انتہائی مستعدی سے یہاں مصروف کار اپنے ہموطنوں کیلئے رابطے کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی۔ انہوں نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ تنظیم پاکستان میں انجینیئرنگ کے طلباءکے تعلیمی مصارف بھی برداشت کرری تھی ا ور اعلان کیا کہ وہ خود بھی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ایک ضرورتمند طالب علم کوو ظیفہ عطا کرینگے۔ قبل ازیں انسٹی ٹیوشن کے صدر سید مبشر حسین کرمانی کی غیر موجودگی میں انکی نیابت کرتے ہوئے سید اقبال حسین نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ان کی تنظیم اپنے جرنل کی اشاعت اور مختلف موضوعات پر سیمینارز کے انعقاد کے علاوہ پاکستان کی 12جامعات میں انجینیئرنگ کے 108حاجتمند طلباءکو وظائف مہیا کررہی ہے۔ تنظیم کے مختلف اسپانسرز میں اعزازی شیلڈ ز سفیر پاکستان نے تقسیم کیں۔