ہند کیساتھ تعلقات میں سرد مہری ہی نہیں بلکہ مکمل خاموشی تھی، لگتا ہے برف پگھلنا شروع ہوجائیگی، تجزیاتی رپورٹ
صلاح الدین حیدر۔۔ بیورو چیف۔۔ کراچی
کچھ ایسے مثبت اشارے ملنا شروع ہوگئے ہیں جن سے توقع ہے کہ جلدہی پاک امریکی تعلقات بہتری کی جانب بڑھنے لگیں گے۔ 2باتیں اس سلسلے میں اہم ہیں۔ ایک تو ٹریک ٹو ڈپلومیسی جو عرصۂ دراز کے بعد دوبارہ شروع کی گئی جس کی وجہ سے ہنداور پاکستان پانی کے جھگڑے پر بات چیت شروع کرچکے ہیں۔ پاکستان کا ایک 6 رکنی وفد ہندوستان گیا ہے تا کہ بات چیت کو آگے بڑھایا جائے خود اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ دوسرے مسائل جیسے سرکریک ،وولر بیرج ، پر بھی بات چیت شروع کی جاسکتی ہے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک عرصے سے تعلق میں سر دمہری ہی نہیں، بلکہ مکمل خاموشی ہے ۔ لگتا ہے کہ برف پگھلنا شروع ہوجائیگی۔ جہاں تک پاک امریکہ تعلقات کی بات ہے تو وہ باوجود تمام تر بیان بازی تک محدود ہے۔دونوں طرف سے تلخ باتیں کی گئیںلیکن گفتگو کا سلسلہ کبھی بھی منقطع نہیں ہوا۔ تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد امریکہ کے روئیے میں نرمی نظر آئی، لیکن پھر بھی تعلقات ہچکولے کھاتے رہے۔اب پچھلے2روز سے امریکہ کی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی اور مرکزی معاملات ایلس جی ویلز نے پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بات چیت میں اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کو مل کر افغانستان اور پاکستان میں شدت پسندوں کیخلاف کام کرنا ہوگا۔ یہ ایک قسم کا غیر رسمی معاہدہ ضرور ہے لیکن حکومتی سطح پر اعلانات کی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔ یہ جملہ ساری داستان خود ہی اپنی زبان میں بیان کررہاہے۔ برف تو پگھلتی نظر آتی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا سلسلہ جاری و ساری رہیگا ۔
*********