فرنیچر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور اسے ہر قسم کے نقصان اور داغ دھبوں سے بچانےکے لیے مناسب صفائی اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے . تھوڑی سی حفاظت اور توجہ کے ساتھ آپ اپنے فرنیچر کو خراب ہونے سے بچا سکتےہیں . ۔ زیادہ درجہ حرارت لکڑی کو متاثر کرتا ہے اور لکڑی خشک ہوکر مڑ نا اور پھٹنا شروع ہو جاتی ہے اس لیے فرنیچر کو ہمیشہ تیز حرارت مثلاً انگیٹھی اور ہیٹر وغیرہ سے دور رکھیں . اس کے علاوہ اگر ممکن ہو تو اپنے کمروں میں ہلکی سے نمی کا انتظام کریں . ایش ٹرے ، گلاسوں اور چائے کی پیالیوں کے نیچے رکھنے کے لیے پلاسٹک کے یاموٹے کاغذ کے بنے ہوئے پیڈ ہر وقت موجود رکھیں ان کے ہمہ وقت استعمال سے آپ کا فرنیچر داغ دھبوں سے محفوظ رہے گا۔اگر فرنیچر کے کسی حصے پر سگریٹ کا دھبہ پڑ جائے تو کافور ملے تیل سے رگڑ کر صاف کرلیں . اگر اس طرح صاف نہ ہو تو بازار میں اس قسم کے دھبے دور کرنے والے کسی محلول سے مدد لیں . وقتاً فوقتاً فرنیچر کی صفائی کرتے رہیں اور اس کے لیے اسفتنج اور صابن کے جھاگ والا نیم گرم پانی استعمال کریں . فرنیچر کی اس طرح صفائی کرتے ہوئے ہمیشہ ایک وقت میں ایک مختصر سا حصہ پہلے صاف کریں اور آگے بڑھنے سے بیشتر اس کو اچھی طرح خشک کرلیں خشک کرنے کے بعد ویکس پالش لگاکر چمکالیں۔