فورٹ اسکیل ،اوکلاہوما.... مقامی فوجی اڈے میں ایک پالتو بطخ نے اس وقت زبردست سنسنی پھیلا دی جب اس نے اچانک حملہ کرکے کچھ فوجیوں کو نہ صرف انتہائی خوفزدہ کردیا بلکہ ان کو بھاگنے پر بھی مجبور کردیا۔فوجیوں پر اچانک حملے کا اتنا شدید ردعمل ہوا کہ وہ خوفزدہ ہوکر ادھر ادھر پناہ ڈھونڈتے رہے مگر بطخ کا غصہ کم نہیں ہورہا تھا،اچھل اچھل کر حملے کررہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیو نامی یہ بطخ اسی فوجی اڈے میں رہ رہی تھی مگر جب کچھ فوجیوں نے اس کے علاقے میں گھسنے کی کوشش کی تو وہ آپے سے باہر ہوگئی اور غصے کے عالم میں اس نے اپنے بازو پھڑپھڑاتے ہوئے اور گردن کو کسی ظالم کی طرح جھٹکا دیتے ہوئے اسکی جگہ قابض ہونے کی کوشش میں مصرو ف فوجیوں پر حملہ کردیا۔ آخر کار فوجیوں کو بھاگتے ہی بنی۔ فوجی اور بطخوں سے ڈر جائیں اس کا خیال بھی محال ہے مگر اس بطخ نے جس غیض و غضب سے ان فوجیوں پر حملہ کیا وہ کسی کو بھی خوفزدہ کرنے کیلئے کافی تھا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ بطخ متعدد بطخوں کے اس جھنڈ کا حصہ تھی جو فورٹ اسکیل فوجی اڈے کے اندر اور اسکے آس پاس رہتی تھیں۔ موقع کی دلچسپ اور مضحکہ خیز وڈیو جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی ہے۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ فوجیو ںکے تعاقب کے وقت بطخ کا غصہ قابو سے باہر تھا او راسی جلال میں اس نے نہ صرف اپنے بازو پھیلا دیئے تھے بلکہ اپنے پر بھی جھاڑ رہی تھی جو بالعموم غصے کی علامت ہے اور اس قسم کے پرندے لڑائی کے وقت یہ طریقہ کرتے ہیں۔ وڈیو سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ فوجیوں کا گروپ کافی دور بھاگ گیا تو ان کا خوف دور نہیں ہوا اور ایک فوجی پلٹ پلٹ کر بطخ کو دیکھتا رہا ہے کہ وہ کہیں اب بھی انکا تعاقب تو نہیں کررہی۔