سیرن گیتی ،تنزانیہ.... سفاری پارک اور وائلڈ لائف گارڈنز میں رہنے والے جانور اکثر پارک کی سیر و سیاحت کو آئے ہوئے مہمانوں اور سیاحوں کو پریشان کرتے ہیں۔ انکا تعاقب کرکے انہیں پریشان کرنے کے علاوہ موقع ملتے ہی انکی کھانے پینے کی اشیاءپر ہاتھ صاف کرنے سے بھی نہیں کتراتے۔ اس سے قبل بھی یہاں کئی جانور مختلف گاڑیوں میں رینجرز کی طرح سر گھسا کر اندر کا جائزہ لیتے ہیں اور اپنے کام کی چیز ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کوئی چیز نظر آجائے تو ڈرائیور کی معمولی غفلت ان کے لئے نعمت ثابت ہوتی ہے اور وہ فوری طور پر واردات کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ یہاں ہوا مگر یہ واقعہ کچھ اور ہی عجیب وغریب تھا۔ تفصیلات کے مطابق پارک کے ایک چیتے نے سیاح کی جیپ کی پچھلی کھڑکی سے پہلے تو اندر دیکھا اور جیپ کو خالی دیکھ کر اسی کھڑکی کے راستے اندر گھسا اورکسی مسافرکی طرح ایک سیٹ پر جم کر بیٹھ گیا۔ صورتحال سیاح کیلئے حیران کن اور پریشان کن تھی تاہم سیاح نے اسی میں عافیت سمجھی کہ چیتے کی اس بیجا مداخلت پر کوئی حرکت نہ کرے ۔ موقع کی وڈیو تیار کرنے والے شخص نے مقامی خبررساں ایجنسی کومو کو بتایا کہ جیپ کے پیچھے پیچھے آنے والے چیتے پر ہم نے کافی دیر سے نظر رکھی ہوئی تھی مگر پھر وہ پلک جھپکتے ہی جیپ میں داخل ہوگیا۔ جیپ میں داخل ہونے کے بعد اس نے کھانے پینے کی چیزوں کی موجودگی کا اندازہ لگانے کیلئے سیٹوں کو سونگھنا شروع کردیا اورجب کوئی خاص چیز نظر نہ آئی تو اپنے تیز ناخنوں سے سیٹیں پھاڑنے کی کوشش کی۔ سیاح کا کہناہے کہ گائیڈ نے اسے پہلے ہی بتا دیا تھاکہ اگر ایسی صورتحال پیش آئے تو کس طرح بالکل پرسکون رہتے ہوئے آہستہ سے سانس لینی چاہئے اور یہ نسخہ کارگر ثابت ہوا۔ سیاح کا کہنا تھا کہ وہ عرصے سے سفاری پارکوں کی سیر کرتا رہا ہے مگر اس قسم کا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا تھا۔ کچھ دور جانے کے بعد اس نے جیپ آہستہ سے کھڑی کردی اور چیتا بھی جیپ سے اتر کر چلتا بنا۔ ڈرائیور پر ایسی وحشت طاری تھی کہ چیتے کے جیپ سے اترنے کے بعد بھی اسے دم سادھے ہوئے کئی منٹ تک اپنے اوسان بحال کرنا پڑے۔