Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، شہریار خان آفریدی

کویت:انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی شاندار تقریب میں سماجی شخصیات اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی
محمد عرفان شفیق۔ کویت
      انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے ہرسال کی طرح اس سال بھی یوم پاکستان کی تقریب نہایت جوش و خروش سے منائی جس میں کویت میں مقیم مختلف کاروباری، سیاسی، سماجی شخصیات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی خاص بات پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی خصوصی شرکت تھی۔
    کویت کے علاقے مشرف میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی نظامت معروف قلم کار، کالم نگار محمدفیصل اور انصاف سوشل میڈیا سیل کے انچارج مبشر خان نے کی۔کویت میں مقیم معروف قاری صہیب انجم نے قرآن حکیم اور معروف نعت خواں غلام سرور حسین نقشبندی نے نعت رسول کی سعادت حاصل کی۔
     قومی ترانے کے بعد انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اخلاق احمد ملک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو متحد ہو کر پاکستان کی ترقی اور سربلندی کے لیے کام کرنا ہو گا۔فخر الزمان خان نے حکمرانوں اور اشرفیہ کی نالائقی کا ذکر کیا کہ حکمران دن بدن امیر اور عوام غریب سے غریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔محمد فیصل کا کہنا تھا کہ متحد ہو کر جدوجہد کیجئے اور خاندانی نظام ِسیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنا کردار ادا کیجئے۔
    مہمان خصوصی شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک قوم بننے کیلئے قومیت، صوبائیت و لسانیت جیسے اختلافات کو ختم کرنا پڑتا ہے۔ ایک عظیم وطن کے لیے عظیم قوم بن جائیں۔عہد حاضر میں پاکستان بڑے مسائل میں گھرا ہوا ہے جن کا بروقت تدارک ضروری ہے۔پاکستان الحمدللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔خیبر پختونخوا میں صحت،انصاف اورمحکمہ پولیس کی حالت ٹھیک ہوئی اور سارے صوبے میں ترقیاتی پروجیکٹ شروع کیے گئے اور مزید ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے تحریک انصاف بخوبی آگاہ ہے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔
     کویت میں مقیم معروف گلوگار محمد ابراہیم، نبیل اور ذاکر انور حسین نے قومی گیت پیش کیے تو ہر ہاتھ میں پاکستان کا پرچم لہرا رہا تھا اور ہر زبان پاکستان زندہ آباد پکار رہی تھی ۔ خالد سجاد احمد اور خضر حیات خضر نے منظوم شکل میں مادر وطن کو خراج تحسین پیش کیا۔
     کویت کے یوم آزادی کے موقع پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم اور رنر زاپ ٹیم میں انعامات مہمان خصوصی شہریار خان آفریدی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے اور آخر میں پاکستان تحریک انصاف کویت کے سیکریٹری اطلاعات یاسر قاضی نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔
    انصاف ویمن ونگ کی طرف سے ہال میں موجود خواتین اور بچوں کے لیے کثیر تعداد میں تحائف کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس خوبصورت تقریب کا اختتام اس عہد سے کیا گیا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے لیے قربانیاں دیں ،ہم بھی اپنی جان لٹا دیں گے مگر انشاء اللہ وطن کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔
مزید پڑھیں:- - - -انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب

شیئر: