جدہ کے صحافیوں کی ستائش اور قیوم انور کے اعزاز میں تقریب
سعودی ، انڈین اسپورٹس اینڈ کلچرل فورم اور این آر آئی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی تقریب سے حیدرآبادی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کا خطاب
* * * * *
رپورٹ و تصویر۔ امین انصاری ۔ جدہ
سعودی انڈین اسپورٹس اینڈ کلچرل فورم( ایس آئی ایس سی ایف) اور این آر آئی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی(NEWS) نے حیدرآباد دکن سے اردو صحافی قیوم انور کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر جدہ کے اخبارات میں کام کرنے والے صحافی رام نارائن ایئر ، محمد عرفان اور عبدالرحمن بیگ کو کمیونٹی کیلئے انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور شیلڈ دی گئی ۔
بانی و صدر سعودی انڈین اسپورٹس اینڈ کلچرل فورم کے عثمان بن یسلم بن محفوظ نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ایس آئی ایس سی ایف کے قیام کا مقصد سعودی اور ہندوستانی عوام کو دونوں ملکوں کی تہذیب و ثقافت کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنے کے علاوہ نوجوان نسل میں اسپورٹس اینڈ کلچرل پروگراموں کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ دونوں ملکوں کے لوگ اس سرزمین پر ایک دوسرے کے کلچر کو اپنا رہے ہیں اور اپنی روزمرہ اور مخصوص محفلوں میں اس کو رائج کرکے ثقافت کو فروغ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہوگا کہ ہم تارکین وطن کے مسائل کو بھی حل کریںـ اس کیلئے ہم نے جدہ میں قائم تنظیموں کو آج یہاں جمع کیا ہے اور ان کی موجودگی میں ایک قرار داد آپ تمام کی منظور ی اور دستخط کے ساتھ تیار کرکے حکومت تلنگانہ کو پہنچائیںگے اور حکومت سے ملنے والی مراعات سے تارکین کو فائدہ پہنچائیں گے ۔تقریب میں قرارداد کی منظوری شرکاء سے لی گئی اور اس پر دستخطیں بھی حاصل کی گئیں ۔ اس موقع پر عثمان بن یسلم بن محفوظ نے تقریب کو یادگار بناتے ہوئے " گھر واپسی " کے عنوان سے تارکین وطن کو بہترین مشوروں سے نوازا ۔
تقریب کی نظامت ابتداء میں قدرت نواز بیگ این آر آئی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نے کی ۔بعد ازاں بدر انصاری نے مائک سنبھالتے ہوئے اپنی برد بار شخصیت اور بھاری بھرکم آواز میں انتہائی نستعلیقی انداز میں نظامت کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے کنونیئر مرزا قدر نواز بیگ کو مائیک پر دعوت دی جنہو ں نے تارکین کی گھر واپسی پر اپنے خیالات اور مشوروں کے علاوہ پروجیکٹر پر ڈیمو بھی دیا ۔ قدر ت نواز بیگ نے کہا کہ این آر آئی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ( NEWS) نے حیدرآباد دکن میں 40 مراکز قائم کئے ہیں جس میں تارکین کو تجارت اور روزگار اسکیمات سے آگہی دی جائیگی ۔ سوسائٹی کے پاس تجارت کرنے کے بہت ہی جامع اور کم ا نویسٹمنٹ کے پلان ہیںجس سے ہم تارکین کی مکمل رہنمائی کرینگے، نیز حکومت تلنگانہ کی طرف سے ملنے والی سہولیات سے بھی تارکین کو آگہی دی جائیگی اور ان مراعات کو کس طرح حاصل کرنا ہے اس کیلئے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا اس پر تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے تارکین سے اپیل کی کہ وہ فون یا ای میل [email protected] کے ذریعے ہم سے رابطہ کریں تاکہ آپ کی صحیح رہنمائی ہوسکے ۔
یوسف الدین امجد نے کہا کہ جب ہم سعودی عرب روزگار حاصل کرنے آئے تھے اُس وقت ہمارے پاس کچھ نہیں تھا، آج الحمد اللہ اس ملک نے ہمیں مالدار کردیا ۔اگر واپس جانا پڑے تو ہمیں چاہئے کہ اس ملک کو ڈھیر ساری دعائیں دیں اور اپنے وطن کو لوٹ جائیں۔ وہاں ہمارے لئے بے شمار راہیں ہیں بس فرق اتنا ہے کہ ہم مستقل مزاج ہوں ۔انہوں نے ایس آئی ایس سی ایف کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کی تقریب میں کل جماعتی احباب کی شرکت تقریب کی کامیابی کی ضامن ہے ۔
سیادت علی خان نے کہا کہ حالات جو بھی ہوں ہمیں ہمت اور حوصلہ کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنا ہے ۔ اتحاد کو قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس دور میں ہم اسی وقت کامیاب ہوسکتے ہیں جب ہم میں اتحاد اور اتفاق ہو ۔ انہو ںنے یقین ظاہر کیا کہ جدہ کی تنظیمیں تارکین کے مسائل کونہ صرف حل کریں گی بلکہ حکومت تلنگانہ سے بھی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے انکے مسائل بہت حد تک دور کرنے میں اہم رول ادا کریں گی ۔
مہمان خصوصی قیوم انور ایڈیٹر ( ٹی نیوز چینل )نے کہا کہ تارکین کے مسائل بہت ہیں، اسکے حل کیلئے ہمیں سب سے پہلے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوکر حکومت تلنگانہ سے نمائندگی کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت نے این آر آئیز کیلئے حال ہی میں بھاری رقم مختص کی ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ این آر آئیز اس رقم کا استعمال کس طرح کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کے جو بھی مسائل ہیں وہ تحریر کرکے مجھے بھی دیں ،میں کوشش کرونگا کہ وہ حکومت تلنگانہ تک پہنچادوں۔انہوں نے اس موقع پر مائناریٹیز کیلئے حکومت کی تعلیمی اور دیگر اسکیمات کا احاطہ کیا اور کہا کہ اسکیمات اور بجٹ تو منظور ہورہے ہیں لیکن اسکے استعمال سے ہم غافل ہیں ۔این آرآئیز کی ایسوسی ایشنز اس پر کام کرے اور عوام میں شعور بیدار کرے تاکہ مستحق کو اس کا حق مل سکے ۔ انہوں نے اس موقع پر عثمان بن محفوظ اور قدرت نواز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ تقریب منعقد کرکے جدہ کی تنظیموں کے سربراہوں سے ملاقات کرنے کا موقع فراہم کیا ۔
دریں اثناء تقریب سے ممتاز علی خان نے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی ایس سی ایف کے اغراض و مقاصد اور ذمہ داراوں کے ناموں کا اعلان کیا ۔ اعجاز احمد خان ،ادریس وحیدی ، عرفان قریشی ، شمیم کوثر ، خواجہ وقار الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور اپنے خیالات رکھے۔سید عبدالرافع اور ممتاز علی خان کی مستقل وطن واپسی پر انہیں یادگار شیلڈ دی گی ۔ محمود مصری نے شکریہ کا اہم فریضہ انجام دیا ۔