ہمنوا لیڈیز کلب ریاض کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب
ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ خواتین انتہائی متحرک اور کچھ کر گزر جانے کے جذبے سے سرشار ہیں، عبد الشکور شیخ
* * *
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
ہمنوا لیڈیز کلب کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کمیونٹی کے سرکردہ شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
ہمنوا کی صدر بلقیس صفدر کا کہنا تھا کہ ہم جو آج پاکستان میں آزادی کی زندگی جی رہے ہیں اور دنیا بھر میں ایک الگ شناخت بنائے ہوئے ہیں، اس کے پیچھے 23 مارچ کا وہ روشن دن کا بڑا ہاتھ ہے جب منٹو پارک لاہور میں برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے ایک الگ وطن بنانے کی قراداد منظور کی۔
ہمنوا کی جنرل سیکریٹری شمائلہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہمنوا کا قیام 1986 میں عمل میں لایا گیا جس میں ابتدا میں 25 خواتین تھیں۔ آہستہ آہستہ کاروان بڑھتا گیا اور ساتھ ہی ہمارے ارادے مزید پختہ ہوتے چلے گئے۔ یہی وجہ تھی کہ جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہمنوا لیڈیز کلب نے پاکستان میں جب بھی سیلاب آیا یا زلزلہ متاثرین کی امداد کا وقت آیا تو نمایاں کام کیا اور ہموطنوں کی آواز پر لبیک کہا۔
چوہدری سجاد احمد کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام تو بہنوں کا ہے مگر ہم بھائی کبھی بھی ہمنوا کی آواز پر پیچھے نہیں رہے۔
چوہدری فریاد احمد کا کہنا تھا کہ وہ ہمنوا کے مشکور ہیں جو خواتین کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش ہے۔
سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ہماری خواتین انتہائی متحرک اور کچھ کر گزر جانے کے جذبے سے سرشار ہیں۔ہمنوا لیڈیز کلب نے ہمیشہ لوگوں کی بہتر انداز سے خدمت کی ہے۔ یوم پاکستان کے حوالے سے عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے۔ـ اس کا وجود ہماری شناخت کا باعث ہے۔یوم پاکستان کی اس شاندار تقریب میں مقامی گلوکاروں نے وطن کی محبت سے سرشار قومی گیت بھی گائے جبکہ کوئز پروگرام کے ذریعے لوگوں میں انعامات بھی بانٹے گئے۔