Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلنڈروں سے گیس چوری کرنے پر اسٹیشن بند اور عملے کو ملک بدر کرنے کا عدالتی حکم

ریاض.... وزارت تجارت و سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ سیلنڈروں سے گیس چوری کرنے والے اسٹیشن کو مستقل بنیادوں پر بند اور اسٹیشن کے مالک پر جرمانہ عائد کر دیاگیا۔ عدالت نے اسٹیشن میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کو مملکت سے بے دخل کرکے انہیں سعودی عرب کےلئے بلیک لسٹ قرار دینے کا بھی حکم سنا دیا ۔ سبق نیوز کے مطابق وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کی تفتیشی کمیٹی کو اطلاع ملی تھی کہ ریاض میں ایک گیس سیلنڈر اسٹیشن پر جعل سازی کے ذریعے سیلنڈروں سے گیس چوری کی جاتی ہے ۔ وزارت نے گیس کمپنی سے رجو ع کیا تاکہ کمپنی تحقیقات کرکے انہیں مطلع کرے ۔ کمپنی کی جانب سے گیس اسٹیشن کے بارے میں تحقیقات کی گئی جس میں معلوم ہوا کہ گیس اسٹیشن پر جعل سازی کی جاتی ہے ۔ کمپنی کی جانب سے سیل بند سیلنڈروں کی سیل کھول کر اس میں سے گیس چوری کی جاتی ہے بعدازاں سیلنڈروں پر سیل لگا دی جاتی ہے ۔ گیس کمپنی نے تحقیقاتی رپورٹ سے وزارت تجارت کو مطلع کر دیا جس پروزارت تجارت و سرمایہ کاری کمیٹی نے گیس اسٹیشن پر چھاپا مارا اور وہاں رکھے گئے سیلنڈروں کواپنی تحویل میں لیکر انکالیبارٹیری تجزیہ کرایا تو معلوم ہوا کہ سیلنڈر میں گیس مقررہ مقدار میں نہیں ۔ وزارت کی تفتیشی ٹیم نے گیس سیلنڈر اسٹیشن میں رکھے گئے سیل لگانے کے آلات اور پلاسٹک کے رول جو سیل لگانے کےلئے استعمال ہوتے تھے برآمد کر لئے ۔ سیلنڈر اسٹیشن کے خلاف جعل سازی کامقدمہ دائر کیا گیا جس پر عدالت نے جرم ثابت ہونے پر گیس اسٹیشن کو مستقل بنیادو ں پر بند اور مالکان پر جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ اسٹیشن میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کو فوری طور پر ملک بدرکرنے کے احکامات صادر کردیئے ۔ مذکورہ کارکنوں کے آئندہ مملکت میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 مقامی اخبارات میں عدالتی حکم کو اشتہار کی صورت میں اسٹیشن کے مالک کے خرچ پر شائع کروائے جائیں جن میں گیس اسٹیشن کا نام ، خلاف ورزی اور مالکان کے علاوہ جعل سازی میں شریک کار غیر ملکیوں کانام بھی شامل ہو ۔ 

شیئر: