حادثے کا سبب بننے والے اونٹ کے مالک کا سراغ نہ لگنے پر ورثاءنے عدالت سے درخواست کی کہ بیت المال سے دیت دلوائی جائے
جدہ ( ارسلان ہاشمی)مملکت میں عدالت نے بیت المال کو حکم دیا ہے کہ اونٹ کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہری کے ورثاءکو دیت ادا کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ بعض اہم فیصلے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں جس میں اصلاح عامہ اور عدالتی فہم و فراست کے علاوہ اسلامی شریعت کے نمایاں اصول واضح ہو ں ۔ ایسے فیصلہ عوام الناس کی فلاح و بہبود کے علاوہ مملکت کے مثالی عدالتی قوانین کی وضاحت کرتے ہیں ۔ ایسے ہی ایک فیصلے کی کارروائی عدالت کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اپ لوڈ کی گئی جس کی تفصیلات میں لکھا تھا کہ مملکت کی ایک شاہراہ پر سفر کرنے والے شہری کی گاڑی سے اونٹ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں شہری جاں بحق ہوگیا تھا ۔ قانون کے مطابق اونٹوں کو شاہراہ عام کے قریب کھلا چھوڑنا کہ وہ حادثے کا باعث بنیں غیر قانونی ہے ایسی حالت میں حادثے کا سبب بننے والے اونٹ کے مالک کو دیت ادا کرنا ہوتی ہے ۔ حادثے کے بعد ورثا نے دیت کےلئے عدالت سے رجوع کیا ۔ قانونی تقاضوں کے مطابق دیت کی رقم اونٹ کے مالک کو ادا کرنا تھی ۔ مقدمے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اونٹ کے مالک کو دیت ادا کرنے کا حکم دیا ۔ عدالتی حکم کے بعد ورثاءکو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب تلاش کے باوجود اونٹ کے مالک کا کوئی سراغ نہ لگ سکا ۔ متوفی کے ورثاءنے عدالت سے اپیل کی کہ انہیں دیت بیت المال سے ادا کروائی جائے ۔ عدالت نے بیت المال کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں دیت ادا کرنے کا حکم صادر کردیا ۔ اس عدالتی فیصلے نے قرون اولی کی یاد تازہ کر دی ۔