بھوکی خاتون کوپولیس اہلکارنے کھانا کھلا کر دل جیت لیا
حیدرآباد۔۔۔۔پولیس لفظ سنتے ہی غصہ ور، سخت جان اور نڈر انسان کی شبیہ نظروں کے سامنے گردش کرنے لگتی ہے لیکن حیدرآباد ٹریفک پولیس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی موضوع بحث بن گئی جس میں پولیس اہلکار سڑک کے کنارے پڑی بھوکی پیاسی لاوارث خاتون کو اپنے ہاتھوں سے نوالہ کھلاکر انسانیت کا نمونہ پیش کیا۔ گزشتہ روز حیدرآباد کے کوکا پلی کے جواہر لال نہرو ٹیکنیکل کالج یونیورسٹی کے قریب تعینات پولیس جوان نے بے گھر خاتون کو اپنے ہاتھ سے کھانا کھلایا جس کی تصویر پبلک ریلیشن افسر بھارگوی نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ کوکا پلی ٹریفک پولیس کے اہلکار گوپال نے سڑک کے کنارے لاوارث پڑی بھوکی پیاسی خاتون کو کھانا کھلاکر انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی۔ریاست تلنگانہ کے وزیر نیانی نرسمہا ریڈی اور پولیس کمشنر وی سی سجانر نے بھی پولیس اہلکار گوپال کی تعریف کی ۔گوپال نے بتایا کہ میری نظر جب سڑک کے کنارے لاوارث بوڑھی خاتون پر پڑی تو قریب جاکر اس کی خیریت معلوم کی توخاتون نے بتایا کہ وہ کئی دنوں سے بھوکی ہے،فوراً کھانالاکر اسے کھلایا۔بعد ازاں اسے خواتین کے فلاحی مرکز پہنچا دیا گیا۔