عالیشان مکان ڈھائی کروڑ پونڈ میں دستیاب
ناٹنگ ہل .... ناٹنگ ہل کا علاقہ پوش علاقے کے طور پر جانا جاتا ہے اور عام قسم کے مکانات بھی یہاں بہت مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں مگر اب انہی مہنگی املاک میں ہوانا ہائوس نامی عالیشان مکان بھی شامل ہوگیا ہے۔جس کی قیمت ڈھائی کروڑ پونڈ مانگی جارہی ہے۔ اپنی دیدہ زیبی اور انداز تعمیر کے علاوہ یہ مکان جدید ترین عصری آسائشوں سے بھی لیس ہے۔ جن میں 21میٹر لمبا سوئمنگ پول اور مستقبل میں کام آنے والا جیمزبانڈ اسٹائل پارکنگ سسٹم بھی لگا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سوئمنگ پول کو بوقت ضرورت کسی تقریب کے انعقاد کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اور یہ سب کچھ اس لئے ممکن ہے کیونکہ اسکا فرش اس قابل ہے کہ اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔ عمارت کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ جس نے بھی اسے تیار کرایا ہے اس نے دل کھول کر رقم خرچ کی ہے ۔ پراپرٹی ڈیلر اسے علاقے کا مہنگا ترین مکان قرار دے رہے ہیں۔ یہ مکان متعدد منزلہ عمارت ہے۔ 7بیڈ رومز سے بھی آراستہ ہے۔ اس کے اندر کشادہ باغ بھی بنا ہے لیکن سب سے حیرت انگیز چیز اسکا پارکنگ نظام ہے جسکی تیاری کیلئے موبائل سے کنٹرول ہونے والے مختلف پلیٹ فارم استعمال ہوئے ہیں۔اس نظام کے تحت یہاں کھڑی کی جانے والی گاڑیاں خود کار طریقے سے انڈر گرائونڈ اور پہلی، دوسری اورتیسری منزل تک پہنچایا جاسکتا ہے اور بٹن دباتے ہی یہاں پارک کی جانے والی گاڑیاں نیچے آکر باہر جانے کیلئے تیار ہوسکتی ہیں۔ اب تک کسی حتمی خریدار کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں۔